90

نماز كب فرض ہوئی اور پہلی نماز کس نے ساتھ پڑھی ؟

1:پنج وقتہ نماز کی فرضیت معراج کے موقع پر ہوئی، لیکن واقعہ معراج کی تاریخ کی تعیین میں مؤرخین کا اختلاف ہے، بعض حضرات کا قول یہ ہے کہ یہ واقعہ ربیع الاول کے مہینے میں پیش آیا، بعض حضرات فرماتے ہیں کہ یہ واقعہ ربیع الثانی کے مہینے میں پیش آیا، معتمد قول یہ ہے کہ ہجرت سے ایک سال پہلے رجب کے مہینے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے اور دن کے متعلق مشہور ہے کہ 27 تاریخ کو رونما ہوا، لیکن محققین کے نزدیک 27 تاریخ کی تعیین درست نہیں ہے، خلاصہ یہ ہوا کہ راجح قول کے مطابق پانچ نمازوں کی فرضیت رجب 12 نبوی کو ہوئی۔

2:ابن اسحاق نے اپنی کتاب سیرت ابن اسحاق میں لکھا ہے کہ حضرت جبریل علیہ السلام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو وضو اور نماز سکھائی پھر آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا چھپ کر نماز ادا کرتے تھے۔

اسی طرح ابن اسحاق نے یہ بھی ذکر کیا ہےکہ حضرت علی رضی اللہ عنہ ایک روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نماز پڑھ رہے تھےتو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ یہ کیا ہے؟ آپ علیہ السلام نے فرمایا کہ یہ اللہ کا دین ہے، اس واقعہ کے ایک دن بعد حضرت علی رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر مشرف باسلام ہو گئے۔

ان روایات سے پتا چلتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مل کر سب سے پہلی نماز حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے ادا کی ہے۔
فقط واللہ اعلم

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں