کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ (۱) مہر شرعی کی کم سے کم مقدار کتنی ہے؟ اور موجودہ وقت میں اس کی مقدار کیا ہے؟ (۲) مہر فاطمی کی مقدار چاندی کے اعتبار سے کیا ہے کتنا وزن ہے اور اس کی موجودہ قیمت کیا ہے؟ مفصل جواب عنایت فرمائیں۔
الجواب حامدا و مصلیا
مہر شرعی کی کم سے کم مقدار دس درہم چاندی ہے اس مقدار سے کم مہر مقرر کرنا شرعاً جائز نہیں اور دس درہم تولہ کے حساب سے دو تولہ ساڑھے سات ماشہ بنتی ہے۔ ٭
جبکہ مہر فاطمی ساڑے بارہ اوقیہ (پانچ سو درہم) چاندی ہے جو تولہ کے حساب سے ایک سو اکتیس تولہ تین ماشہ بنتی ہے۔ (رسالۃ الاوزان الشرعیۃ ’’للمفتی محمد شفیع ؒ ‘‘)
اس کے بعد واضح ہو کہ سونے، چاندی کے نرخ آئے دن بدلتے رہتے ہیں اس لئے بوقتِ ضرورت کسی صراف سے اس مقدار کی موجودہ قیمت بھی معلوم کی جاسکتی ہے۔ واللہ اعلم