18

بلاول نے اقوام محدہ سے مدد مانگ لی

شہداد کوٹ: (دنیا نیوز) سندھ میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وفاق سمیت اقوام متحدہ سے مدد کی اپیل کر دی۔

شہداد کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ کی بہت زیادہ ضرورت ہے، وفاق اوراقوام متحدہ سے بھی مدد کی درخواست کی ہے۔ ہم سب نے مل کرمشکلات کا مقابلہ کرنا ہے، بہت زیادہ گھر،فصلوں کونقصان ہوا ہے، متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریلیف پہنچائیں گے۔

پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ مخیرحضرات سے اپیل کرتا ہوں مشکل وقت میں مدد کریں، مخیرحضرات راشن، ٹینٹ کے حوالے سے مدد کریں، سیلاب کی وجہ سے یورپ کا دورہ منسوخ کردیا ہے، سیاسی تماشے چلتے رہتے ہیں، نمبرون ترجیح ہماری سیلاب متاثرین ہونی چاہیے، بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں، ہم نے فوج،نیوی سے بھی مدد کی درخواست کی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام کواکیلا چھوڑنے کا تصوربھی نہیں کرسکتے، سیلاب والے علاقوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں، سیلاب متاثرین کو فوری مدد کی ضرورت ہے، انتظامیہ سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے، جتنی ہمیں ٹینٹ کی ضرورت ہے اتنے موجود نہیں۔

بارش سے متاثرہ افراد اور علاقے کی بحالی تک سکھ کا سانس نہیں لینگے: بلاول بھٹو

اس سے قبل بلاول بھٹو نے سندھ میں آنے والی بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے اور شہداد کوٹ اور سجاول جونیجو پہنچ کر بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا۔

پی پی چیئر مین نے امدادی کیمپس کے دورے کے دوران برسات سے متاثرہ افراد کے مسائل بھی سنے، وزیر خارجہ کو انتظامیہ اور منتخب نمائندوں نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں اور انفراسٹرکچر کی ازسرِنو بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے، متاثرہ علاقوں سے بارش کے پانی کے جلد از جلد اخراج کو یقینی بنایا جائے، پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے، عوام کو اکیلا چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے، بارش سے متاثر ہر ایک فرد تک حکومتی امداد کی فراہمی اور متاثرہ علاقے کی ازسرِنو بحالی تک سکھ کا سانس نہیں لیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں