آجکل ہر دوسر اانسان ذہنی دبائو اور اعصابی تناو کی وجہ سے صحت کے حوالے سے پریشان دکھا ئی دیتا ہے۔کوئی رات کو نیند نہ آنے ک شکایت کرتاہے تو کوئی صبح اٹھتے وقت تھکن،دکھن اور سستی کا گلہ کرتا ہے۔کسی کو جسمانی دردیں بے چین کیے ہوئے ہیں تو کسی کو عام کمزوری نے تنگ کیا ہوا ہے۔ اسی طرح تقریبا ہر دوسرا فرد پٹھوں میں کچھاؤ ،تناؤاورذہنی اضطراب میں مبتلا پایا جا رہا ہے۔اس طرح کی علامات کو ماہرین اعصابی کمزوری کا نام دیتے ہیں۔اعصاب ہمارے جسم کا ایک انتہائی اہم اور لازمی حصہ ہیں۔
قارئین ! معاشی تفکرات،بے یقینی کی کیفیت اور ملکی حالات نے ہم سب کو اعصابی مریض بنا دیا ہے۔ اعصاب حرام مغز سے جڑا وہ نظام ہے جو پورے جسم کے تمام تر افعال کو کنٹرول کرنے میں بنیادی کردار کا حامل ہے۔اعصاب ہمارے جسم کی حرکات و سکنات کو منظم کر کے دماغ سے اعضا اور اعضا سے دماغ تک پیغام رسانی کا کا م بخوبی سر انجام دیتے ہیں۔اعصاب ڈوری نما ریشے ہیں جو دماغ کو بدنَ انسانی کے دیگر نظاموں سے مربوط رکھے ہوئے ہیں جب اعصاب میں کمزوری واقع ہو یا ان کی کار کردگی میں نقص آنے لگے تو انسانی بدن بہت سے مسائل کا شکار ہو جاتا ہے۔اعصابی کمزوری سے پورا بدن کمزوری میں مبتلا ہونے لگتا ہے۔چونکہ نہ صرف عصبی نظام بلکہ انسانی جسم کے تمام تر نظام ہی دماغ کے تابع افعال سر انجام دیتے ہیں اور با لواسطہ یا بلا واسطہ یہ سب عصبی نظام سے مربوط بھی ہو تے ہیں۔یوں جب اعصابی نظام کی کار کردگی میں خرابی پیدا ہوتی ہے تو پوارا بدن انسانی متاثر ہونے لگتا ہے۔